ٹھٹھہ میں گرلز آزادی اسپورٹس فیسٹیول، 400 سے زائد طالبات نے حصہ لیا

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) تین روزہ انٹر اسکول گرلز آزادی اسپورٹس فیسٹیول ٹھٹھہ اسپورٹس کمپلیکس میں شاندار انداز میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے مختلف اسکولوں اور کالجوں سے 400 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری اسپورٹس منور علی مہیسر کی خصوصی ہدایات پر منعقدہ فیسٹیول میں طالبات نے پانچ مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جبکہ مقابلوں کے دوران طالبات میں غیرمعمولی جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔

فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ مس عکسا نورین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ عمران الحق، اسسٹنٹ کمشنر سورت مظهر، مختلف اسکولوں کے سربراہان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ مس عکسا نورین نے فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرتی ہیں اور انہیں صحت مند و مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتی ہیں۔ انہوں نے طالبات کے لیے خصوصی اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کو سراہا۔

تین روزہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سورت مظهر اور مس عکسا نورین نے شرکت کی اور مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

ضلعی اسپورٹس افسر ٹھٹھہ علی اظہر بروہی نے کہا کہ فیسٹیول محض کھیلوں کے مقابلوں تک محدود نہیں بلکہ آزادی، اتحاد، حب الوطنی، نظم و ضبط اور نوجوان لڑکیوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانے کا جشن تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اور ٹیلنٹ اجاگر کرنے کے لیے مزید پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں گے، جبکہ لڑکیوں کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی انتہائی خوش آئند ہے۔

فیسٹیول میں شریک طالبات، اسکول سربراہان اور دیگر شرکاء نے انتظامات کو سراہتے ہوئے اسے کامیاب، منظم اور یادگار قرار دیا۔ تقریب آزادی کے جذبے، کھیلوں کے جوش و خروش اور قومی یکجہتی کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button