پنجاب کالج بوریوالہ میں یومِ آزادی اور طالبات میں اسکالرشپ ایوارڈز کی تقسیم کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد

بورےوالا (رپورٹ محمد ریحان خالد سندھو جانو ڈاٹ پی کے)بورےوالا پنجاب کالج بوریوالہ میں یومِ آزادی اور طالبات میں اسکالرشپ ایوارڈز کی تقسیم کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
پنجاب کالج بوریوالہ میں "یومِ آزادی” اور "پراکٹرز بیج تقسیم” کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین محترمہ عاصمہ حسین ،صدر سی پی سی آصف علی، جنرل سیکرٹری سی پی سی سید ساجد نقوی اور علاقے کی دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران نظم و ضبط، قیادت اور ذمہ داری کے اصولوں پر پورا اترنے والے طلبہ کو پروکٹر کے بیجز لگائے گئے، جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی پر طالبات کو اسکالرشپ ایوارڈز سے نوازا گیا۔ جشنِ آزادی کے حوالے سے طلبہ و طالبات نے روایتی سلامی دے کر وطن عزیز سے بے پناہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور اس خوشی کے موقع پر باقاعدہ کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل پنجاب کالج مجید اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کالج اپنے طلبہ میں اعلیٰ تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، قائدانہ صلاحیتوں اور حب الوطنی کا جذبہ بیدار کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہونہار بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن وسائل و اسکالرشپس فراہم کرتا رہے گا۔



