رونالڈو اور جورجینا نے شادی سے قبل کون سا معاہدہ کیا؟

پرتگال (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی طویل عرصے سے پارٹنر جورجینا روڈریگیز نے شادی سے قبل اپنے اثاثوں کو الگ رکھنے کے لیے ازدواجی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
پرتگالی میڈیا کے مطابق جوڑے نے 10 اگست کو لزبن میں نجی سول تقریب میں شادی کی، جس میں ان کے بچے اور چار گواہ شریک ہوئے۔ رونالڈو اور جورجینا نے شادی سے ایک روز قبل لزبن کے ایک پبلک نوٹری کے دفتر میں معاہدے کو حتمی شکل دی۔
معاہدے کے تحت شادی سے قبل حاصل کیے گئے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے بدستور دونوں کی انفرادی ملکیت رہیں گے۔ قانونی معاہدے کا مقصد دونوں کے مالی اور جائیداد سے متعلق معاملات کو واضح رکھنا اور مستقبل میں کسی ممکنہ علیحدگی کی صورت میں اثاثوں کی ملکیت سے متعلق تنازعات سے بچنا ہے۔
دستاویزات کے مطابق شادی کے بعد بھی جورجینا اپنا خاندانی نام ’روڈریگیز‘ برقرار رکھیں گی۔
کرسٹیانو رونالڈو اور جورجینا روڈریگیز کئی برس سے ایک ساتھ ہیں اور ان کا تعلق طویل عرصے سے عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ رونالڈو کی وسیع کاروباری سرگرمیوں اور قیمتی اثاثوں کے باعث شادی سے قبل کیا جانے والا یہ معاہدہ خاص اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔



