آزاد کشمیر حکومت سازی: ن لیگ کا اہم اجلاس، وزارتِ عظمیٰ کے لیے کئی نام زیرِ غور

مری(جانوڈاٹ پی کے) مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس شروع ہوگیا ہے، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملات پر غور کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کی صدارت مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کر رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ارکان بھی موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے عہدے کے لیے شاہ غلام قادر مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، جبکہ طارق فاروق، کرنل (ر) وقار اور راجہ فاروق حیدر بھی وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کے انتخاب کا اختیار میاں نواز شریف کو دے دیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی فہرست بھی نواز شریف کو ارسال کردی گئی ہے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے ماریہ اقبال ترانہ، ناصرہ خان، مریم کشمیری، نثارہ عباسی اور سحرش قمر کے نام شامل ہیں۔

ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے راجہ شاداب سکندر، علماء و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید جبکہ اوورسیز کی مخصوص نشست کے لیے راجہ محمد جاوید کا نام فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے امیدواروں کی حتمی منظوری بھی مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف دیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button