پیٹرول کی قیمت برقرار، ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ تین روز کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق پیٹرول 325 روپے 43 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 95 پیسے فی لیٹر کی قیمت پر برقرار رہے گا۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن پر نظرثانی کی منظوری دی گئی۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق مارجن میں 1 روپے 34 پیسے اضافے کے بعد ڈیلرز کا مجموعی مارجن 10 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
حکومت کے فیصلے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال ملتوی کردی ہے۔ ڈیلرز کے 8 فیصد مارجن کے مطالبے کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے، جو 30 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔



