قلعہ عبداللہ میں مسافر گاڑی پر فائرنگ، 2 خواتین جاں بحق، باپ بیٹی زخمی

قلعہ عبداللہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں کراچی سے بلوچستان جانے والے خاندان کی گاڑی پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی سیگی کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دونوں خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا، جبکہ جاں بحق خواتین کی میتیں ضروری کارروائی کے لیے عبدالرحمان زئی اسپتال منتقل کی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ کاروباری سلسلے میں دو روز قبل تحصیل گلستان پہنچا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم گاڑی نہ رکنے پر مبینہ طور پر قبائلی گروہ کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیگی کا علاقہ قبائلی تنازعات اور دشمنیوں کے باعث حساس تصور کیا جاتا ہے۔

واقعے کے محرکات جاننے اور فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button