نادرا نے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے جشنِ آزادی کے موقع پر نادرا نے عوام کیلئے بڑی سہولت متعارف کرا دی۔ نادرا نے پاکستان میں تیار کیا گیا کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرایا ہے۔

خود انحصاری کی جانب اہم قدم کے طور پر متعارف کرائے گئے نئے شناختی کارڈ میں چِپ استعمال نہیں کی گئی، جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے شناختی کارڈ کی تصدیق عام اسمارٹ فون سے بھی ممکن ہوگی۔

نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نئے شناختی کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے شناخت کی تصدیق کی جا سکے گی۔

نئے شناختی کارڈ کے کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوگی، جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے نام، پتہ اور دیگر شناختی معلومات کے ڈیٹا اندراج میں غلطیوں میں بھی کمی لانے میں مدد ملے گی۔

نادرا کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے شناختی دستاویزات کی تصدیق مزید آسان، تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Back to top button