حکومت کی یقین دہانی کام کرگئی،پیٹرولیم ڈیلرز کی ملک گیر ہڑتال ختم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کل ہونے والی ہڑتال ملتوی کردی گئی ہے۔
ملک خدا بخش کے مطابق وزیر پیٹرولیم سے گزشتہ ملاقات میں ماحول اچھا نہیں رہا تھا، تاہم بعد ازاں وزیر پیٹرولیم نے تقریباً آدھے گھنٹے فون پر بات کرکے منافع مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے خصوصی منظوری لے کر وزیر پیٹرولیم نے پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع مارجن ایک روپے 34 پیسے بڑھانے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ وزیر پیٹرولیم کی مداخلت پر آج ای سی سی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ حکومت نے تمام پیٹرول پمپس کو 23 مارچ 2027 تک ڈیجیٹل کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت سے منافع مارجن میں 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ مہنگائی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے اصولی طور پر منافع مارجن میں 4 سے 5 فیصد اضافہ ہونا چاہیے تھا۔
طارق حسن کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے نظام پر سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے۔ حکومت کے پاس ڈیلرز کے تین سالہ انفلیشن ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 50 ملین ڈالر موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے نظام کو تبدیل کرکے سات روز تک کیا جا سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کی سمری کے بعد ای سی سی اور کابینہ کرے گی۔
طارق حسن نے مزید کہا کہ مجوزہ اضافے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر پیٹرول مارجن بڑھ کر 10 روپے ہوجائے گا۔



