بلوچستان کے وزیرِ داخلہ کے قافلے پر حملہ، 6 پولیس اہلکار زخمی

مستونگ(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر ضیاء لانگو کے قافلے پر حملے میں 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملے میں وزیرداخلہ محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ گرو کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے وزیرِ داخلہ کے قافلے کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے میں 6 اے ٹی ایف اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر ضیاء لانگو کا قافلہ قلات سے کوئٹہ جارہا تھا، زخمی اہلکاروں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیرداخلہ بلوچستان ضیااللہ لانگو نے حملے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، دہشت گرد عناصر مجھے ایسے حملوں سے خوفزدہ نہیں کر سکتے۔
ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ پاکستان زندہ باد تھا، زندہ باد ہے اور ہمیشہ زندہ باد رہے گا، پاکستان سے محبت اور ریاست کے دفاع کے عزم کو کسی حملے سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے میڈیا معاون بابر یوسفزئی نے کہا کہ وزیر داخلہ کے قافلے پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا، پولیس کے بہادر جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا، جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔



