پاکستان تا قیامت ہے اور رہے گا، کسی کا باپ پاکستان کو نہیں توڑ سکتا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان تا قیامت قائم ہے اور قائم رہے گا، کسی کا باپ پاکستان کو نہیں توڑ سکتا، ہم محبِ وطن پاکستانی تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

کوئٹہ کے پولو گراؤنڈ میں جشنِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا اور قربانیوں کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ بلوچستان میں تمام سکیورٹی فورسز امن کے قیام کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی، پولیس اور سویلین سمیت تمام شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہلخانہ کا دکھ پوری قوم کا دکھ ہے۔ بلوچستان کے عوام شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر مختلف پروپیگنڈوں کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو بہکانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم بلوچستان کے نوجوان اب ان کی ہر چال کو سمجھ چکے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور اتحاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button