پیٹرولیم لیوی کی وصولی ریکارڈ 1567 ارب 45 کروڑ روپے تک پہنچ گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) مالی سال 2025-26 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی ریکارڈ 1567 ارب 45 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو حکومتی ہدف اور آئی ایم ایف کے تخمینے سے بھی زیادہ ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 347 ارب 24 کروڑ روپے کا نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ وصولی حکومتی ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زیادہ رہی۔
مالی سال 2025-26 کے لیے حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا ہدف 1468 ارب روپے مقرر کیا تھا، جبکہ آئی ایم ایف نے 1546 ارب روپے وصولی کا تخمینہ لگایا تھا۔ تاہم اصل وصولی دونوں اندازوں سے تجاوز کر گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں بھی 50 ارب 16 کروڑ روپے الگ سے وصول کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 1220 ارب 21 کروڑ روپے رہی تھی، جبکہ مالی سال 2023-24 میں 1019 ارب روپے اور مالی سال 2022-23 میں 580 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 28 پیسے فی لیٹر کے حساب سے لیوی عائد ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر 5، 5 روپے فی لیٹر کے حساب سے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی الگ سے عائد ہے۔



