وزیرآباد: نواز مغل وبرادران کے والدین کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)والدین مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب، مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کی دعا۔سماجی شخصیت نواز مغل کی رہائشگاہ پر آفتاب احمد، نواز مغل، شہزاد مغل، مظفر اقبال، خالد پرویز عرف بلو اور شاہد علی، علی رضا کے والدین مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عزیز و اقارب، دوست احباب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شرکاء نے مرحومین کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر مقررین نے والدین کی قدر و منزلت اور ان کے حقوق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین اللہ تعالیٰ کی جانب سے عظیم نعمت ہیں اور ان کی زندگی میں خدمت، عزت اور اطاعت اولاد کی بنیادی ذمہ داری ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ والدین کے انتقال کے بعد بھی ان کے لیے دعا، صدقہ و خیرات اور نیک اعمال کا اہتمام اولاد کے لیے باعث اجر ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی جدائی ایک ایسا صدمہ ہے جس کا خلا کبھی مکمل نہیں ہوسکتا، تاہم ان کی اچھی یادوں اور تعلیمات کو زندہ رکھنا ہی ان کے لیے بہترین خراج عقیدت ہے۔تقریب کے اختتام پر مرحومین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔



