جماعت اسلامی ٹھٹھہ کی جانب سے مکلی ٹھٹہ میں بھی احتجاج 

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاويد لطيف ميمن)جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف دیے گئے ملک گیر احتجاج کی کال کے جواب میں جماعت اسلامی ٹھٹہ کی جانب سے مکلی ٹھٹہ میں بھی احتجاج کیا گیا۔ قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر روڈ بلاک کر کے نعرے بازی کی گئی اور ٹریفک معطل کر دی گئی۔

جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی، ٹھٹہ کے ضلعی رہنماؤں عبدالمجید سمون، عبداللہ آدم گندرو، عطاالرحمان بلوچ، غلام شفیع سمون، الطاف احمد ملاح اور دیگر کی قیادت میں کارکنوں نے مکلی میں ڈی سی چوک کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے ٹھٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر گاڑیاں روک کر دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی۔

جبکہ ٹھٹہ شہر میں میونسپل کمیٹی آفس ٹھٹہ کے سامنے مین اسٹاپ پر اور ٹھٹہ کے قریب بائی پاس چوک پر بھی جماعت اسلامی ٹھٹہ کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہی ہے، لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بھاری بلوں اور معاشی بدحالی کے خلاف جماعت اسلامی کا یہ احتجاج جاری ہے۔ کیونکہ یہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کے حقوق کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی بھی صورت میں سندھ کی تقسیم کی حامی نہیں ہے اور سندھ کی وحدت، وسائل اور آئینی حقوق پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی ہمیشہ سندھ کے عوام کے جائز حقوق، پانی، روزگار اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی اٹھاتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ضلع ٹھٹہ میں پولیس کی مبینہ ماورائے قانون کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو آئین اور قانون کے مطابق انصاف ملنا چاہیے اور کسی کے ساتھ بھی قانون سے ہٹ کر سلوک نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، فوراً تیل کی قیمتیں کم کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے، مہنگائی پر کنٹرول کیا جائے، عوام کو روزگار فراہم کر کے انہیں بھوک اور بدحالی سے نجات دلائی جائے۔

احتجاج کے باعث کئی گاڑیاں روڈ کے دونوں اطراف کھڑی ہو گئیں، جس کی وجہ سے مسافر اور عام لوگ شدید پریشان رہے۔

مزید خبریں

Back to top button