جائیداد کے معاملات میں شفافیت کیلئے سنٹرلائزڈ لینڈ ریکارڈ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا حکومت نے جائیداد سے متعلق ریونیو معاملات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنٹرلائزڈ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس منصوبے کا مقصد جائیداد کے انتقالات سمیت ریونیو معاملات پر عوامی شکایات کا خاتمہ، سروس ڈلیوری میں بہتری اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔محکمہ ریونیو کے مطابق نئے ویب بیسڈ نظام کے تحت جائیداد سے متعلق تمام معاملات کی کمپیوٹرائزیشن کی جائے گی، جبکہ صوبے بھر میں قائم چونسٹھ سروس ڈلیوری سینٹرز کے ذریعے شہریوں کو جدید اور تیز رفتار سہولیات فراہم کی جائیں گی۔منصوبے کے تحت عوام کی لینڈ ریکارڈ تک رسائی مزید آسان بنائی جائے گی اور شہری گھر بیٹھے فرد، فردِ بدر، انتقال اور دیگر ریونیو خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گےحکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد سروس ڈلیوری میں بہتری، کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت نے ایک سال کے اندر محکمہ ریونیو کی تمام خدمات آن لائن کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔محکمہ خزانہ سے فنڈز کے اجرا کے بعد منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق نئے نظام سے لینڈ ریکارڈ کی بروقت اپ ڈیٹ، نگرانی اور دیکھ بھال بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے عوام کو بہتر اور شفاف خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔



