آزاد کشمیر انتخابات: پونچھ اور پلندری میں 10 اگست کی پولنگ مؤخر، باغ اور حویلی میں شیڈول برقرار

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے تمام انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو ہونے والی پولنگ مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان سے متعلق رپورٹس، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں، اور متعلقہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے تمام انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ نہیں ہوگی۔ تاہم ضلع باغ کے تین انتخابی حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پولنگ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق 10 اگست کو ہی منعقد کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ جن حلقوں میں پولنگ مؤخر کی گئی ہے، وہاں انتخابات کی نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ شیڈول حالات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد جاری کیا جائے گا۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ووٹرز، انتخابی عملے اور امیدواروں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا اور انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پرامن انداز میں منعقد کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور عوامی اعتماد کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button