مٹھی میں مستحق طلبہ کے لیے ماہانہ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز، تعلیم کے فروغ کی نئی امید

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) اسسٹنٹ کمشنر مٹھی اور تعلقہ سوشل ویلفیئر کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عمیر اشرف نے تعلیم کے فروغ کے لیے ایک نئے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت تعلقہ کے مختلف اسکولوں سے منتخب کیے گئے سات مستحق طلبہ کو ہر ماہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے تعلیمی اخراجات پورے کر سکیں اور مالی مشکلات کے باوجود اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
ڈاکٹر عمیر اشرف کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد محدود مالی وسائل رکھنے والے والدین کی معاونت کرنا اور بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور ایسے پروگراموں کے ذریعے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
تعلقہ سوشل ویلفیئر کمیٹی کے مطابق یہ اسکالرشپ پروگرام تعلیمی مساوات کے فروغ اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا، جس سے بچوں کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔



