لاڑکانہ میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک 2026 سیمینار، 600 سے زائد ماہرین کی شرکت

لاڑکانہ(احسان جونیجو\نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام حکومتِ سندھ اور عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے تعاون سے ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک 2026 کے سلسلے میں ایک اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں 600 سے زائد ماہرین، ڈاکٹرز اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیمینار کا موضوع "زندگی کے پائیدار آغاز کے لیے ماں کا دودھ، مؤثر اقدامات کو مزید مضبوط بنائیں” رکھا گیا، جس میں بچوں کی بہتر صحت، غذائیت اور ماں کے دودھ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت و بہبودِ آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا دودھ بچوں کی صحت، نشوونما اور روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی مادر و طفل کی صحت کے فروغ کے لیے تحقیق، تعلیم اور آگاہی کے میدان میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔
تقریب سے وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی خیر محمد شیخ، وائس چانسلر لاڑکانہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیک محمد شیخ، کمشنر ڈاکٹر عبدالرشید، پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ مگسی، ڈاکٹر رنو مل لوہانو سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
سیمینار کے اختتام پر "لاڑکانہ بریسٹ فیڈنگ ایکشن ڈیکلریشن 2026” منظور کی گئی، جس کے تحت سندھ بریسٹ فیڈنگ ایکٹ پر مؤثر عملدرآمد، ماں کے دودھ کے فروغ، تحقیق اور اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



