30 دن تک بغیر دھوئے پہنیں،حیرت انگیز ٹی شرٹ متعارف

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکی ملبوسات کی کمپنی نے حال ہی میں وی 5.0 ہیرک شرٹ کے نام سے ایک نئی ٹی شرٹ متعارف کروائی ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسے روزانہ استعمال کرنے کے باوجود 30 دن تک بغیر بدبو کے پہنا جا سکتا ہے اور دھونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ہیرکلیون نامی اس کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسے ایک ماہ تک بغیر دھوئے پہنا جا سکتا ہے اور اس دوران اس میں بدبو پیدا نہیں ہوتی۔
لیکن یہ دعویٰ خاص طور پر گرمیوں میں ناقابل یقین محسوس ہوتا ہے، جب شدید دھوپ کی وجہ سے زیادہ تر لوگوں کو معمول سے کہیں زیادہ پسینہ آتا ہے۔
تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کی تیار کردہ یہ منفرد ٹیکنالوجی واقعی مؤثر ہے۔ ہرک ٹی شرٹ کو بدبو سے پاک رکھنے کے لیے امریکی ملبوساتی برانڈ نے سات خاص اجزاء استعمال کیے ہیں۔ جن میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ اور دو خفیہ اجزا شامل ہیں۔
ان تمام اجزاء کو صرف کپڑے کی سطح پر لگانے کے بجائے کپڑے کے ریشوں میں ہی بن دیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر، تانبا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش روکتا ہے، جبکہ زنک پسینہ سے پیدا ہونے والے تیز سلفر مرکبات کو بے اثر کرتا ہے۔ اسی طرح آتش فشانی راکھ نمی اور بیرونی بدبو کو جذب کر لیتی ہے۔
کمپنی کی اس مہم کے مطابق ہرک ٹیشرٹ زیادہ استعمال کے باوجود ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک تازہ رہتی ہے۔ چونکہ اسے بہت کم دھونے کی ضرورت پڑتی ہے، اس لیے اس کی عمر بھی عام ٹی شرٹس کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ اس کی قیمت 79 امریکی ڈالر ہے۔
اس ٹی شرٹ کی شپمنٹ نومبر کے آغاز میں ہوگی اور ابتدائی طور پر یہ صرف سیاہ رنگ میں دستیاب ہوگا۔ جبکہ مستقبل میں یہ نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگوں میں بھی فروخت کیا جائے گا۔



