ماتلی میں یومِ استحصالِ کشمیر پر ریلیاں،کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی۔رپورٹر جانو ڈاٹ پی کے) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر محکمہ ریونیو اور میونسپل کمیٹی ماتلی کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں۔ محکمہ ریونیو کی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد علی چنا اور مختیارکار ماتلی معصیب جونیجو نے جبکہ میونسپل کمیٹی کی ریلی کی قیادت چیف آفیسر عتیق قائمخانی نے کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر راشد علی چنا نے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ضرور کامیاب ہوگی۔ مختیارکار ماتلی معصیب جونیجو نے کہا کہ کشمیری عوام کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، جبکہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عتیق قائمخانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ ریلیوں میں شریک سرکاری افسران، ملازمین اور شہریوں نے ہاتھوں میں قومی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘، ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’کشمیری عوام ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ شرکاء نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔



