بورے والا: گرین بس مسافر خانہ نشئی افراد کی آماجگاہ بن گیا،شہریوں کا فوری کارروائی کا مطالبہ

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو/جانوڈاٹ پی کے) بورے والا کے چونگی نمبر 5 پر قائم گرین بس سروس کے مسافر خانے کی ابتر صورتحال پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کے مطابق مسافر خانہ مبینہ طور پر نشئی اور آوارہ افراد کی آماجگاہ بن چکا ہے، جہاں ایسے افراد دن بھر موجود رہتے ہیں، جس کے باعث خواتین، بزرگوں اور دیگر مسافروں کو شدید مشکلات اور عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ خواتین مسافر مجبوری کے باعث مسافر خانے کے اندر بیٹھنے کے بجائے باہر کھڑے ہو کر یا انتظار کرتی ہیں، کیونکہ اندر کا ماحول ان کے لیے غیر موزوں ہوتا ہے۔

شہریوں نے بتایا کہ یہ کوئی ایک دن کا مسئلہ نہیں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر یہی صورتحال دیکھنے میں آتی ہے، جس سے گرین بس سروس استعمال کرنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مسافر خانے کو فوری طور پر نشئی اور آوارہ افراد سے خالی کرایا جائے، وہاں مستقل نگرانی کا مؤثر انتظام کیا جائے اور اسے عوام، خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے محفوظ بنایا جائے تاکہ یہ سہولت اپنے اصل مقصد کے مطابق شہریوں کے استعمال میں آسکے۔

مزید خبریں

Back to top button