بورے والا میں یومِ استحصالِ کشمیر: اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن سے ریلی، کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو /جانوڈاٹ پی کے) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر میونسپل کارپوریشن بورے والا کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، وکلاء، صحافیوں، تاجروں اور سرکاری افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی کا آغاز میونسپل کارپوریشن دفتر سے ہوا، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر بورے والا جواد حسین ملک نے کی۔ ریلی میں تمغہ امتیاز حاصل کرنے والے ڈاکٹر راؤ کامران علی کے والد و چیئرمین سٹی پریس کلب راؤ غفار علی، صدر بار ایسوسی ایشن رانا الطاف حسین، جنرل سیکرٹری علی جاوید گجر، صدر سٹی پریس کلب آصف علی، تاجر رہنما عثمان جمیل بھٹی، شیخ عابد فاروق، راؤ نور محمد، عرفان گجر، ملک طالب حسین اور خبیب یونس کسیلیہ سمیت ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے اور مختلف سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پینا فلیکسز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارت کے غاصبانہ قبضے اور 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کا بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کالے قانون کو فوری منسوخ کروائیں اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلائیں۔
بار ایسوسی ایشن اور تاجر برادری کے رہنماؤں نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو دبا نہیں سکتے۔ ریلی کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے نعرے بازی کی گئی اور شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔



