عالمی سطح پر تکنیکی خرابی: ہزاروں واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس اچانک معطل، میٹا کی وضاحت جاری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں ہزاروں واٹس ایپ صارفین کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے اکاؤنٹس بغیر کسی پیشگی اطلاع یا واضح وجہ کے اچانک معطل کر دیے گئے۔ اس غیر متوقع معطلی کے باعث دنیا بھر میں ایپ کی خدمات استعمال کرنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ ایپ اوپن کرنے پر انہیں ایک پیغام موصول ہو رہا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ اور ڈیوائس کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واٹس ایپ کی شرائط و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ پیغام میں صارفین کو 24 گھنٹوں کے اندر صورتحال سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب واٹس ایپ کی ملکیتی کمپنی ‘میٹا’ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ مسئلہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہے۔ میٹا ترجمان کے مطابق متاثرہ اکاؤنٹس کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے انجینئرنگ ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔ تاہم، کمپنی نے ابھی تک اس خرابی کی اصل وجہ اور اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خطوں کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد افراد واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے اگر یہ تکنیکی مسئلہ محدود پیمانے پر بھی ہوا ہو تب بھی متاثرین کی تعداد ہزاروں میں شمار کی جا رہی ہے۔



