ریسکیو1122اوکاڑہ کی بڑی کامیابی!صرف ایک ماہ میں6،773ایمرجنسیز

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں / جانوڈاٹ پی کے) ریسکیو1122اوکاڑہ نے گزشتہ ماہ ضلع بھر میں6,773مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6,871 متاثرہ افراد کو امداد فراہم کی، جبکہ روزانہ اوسطاً 218 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔
یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللہ نے ریسکیو 1122 سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں منعقدہ ماہانہ کارکردگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں گزشتہ ماہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں کی کارکردگی پر غور کیا گیا۔
ڈاکٹر خالد عبداللہ کے مطابق تحصیل اوکاڑہ میں4,785، تحصیل دیپالپور میں1,329جبکہ تحصیل رینالہ خورد میں659 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی ایمرجنسیز میں1,148روڈ ٹریفک حادثات،4,186میڈیکل ایمرجنسیز،54آتشزدگی کے واقعات،179کرائم ایمرجنسیز، 2 ڈوبنے کے واقعات، 405 ریسکیو آپریشنز اور 235 دیگر متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق روڈ ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 1,360 افراد متاثر ہوئے، جن میں 12 افراد جانبر نہ ہو سکے۔ 703 متاثرین کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 645 زخمیوں کو ضروری طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مزید بتایا کہ پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت ضلع بھر سے 509 مریضوں کو بہتر علاج کی فراہمی کے لیے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ میت منتقلی سروس کے ذریعے 55 میتوں کو باعزت طریقے سے ان کے آبائی علاقوں تک پہنچایا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد عبداللہ نے ریسکیو 1122 کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، معیاری اور مؤثر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔



