وزیرآباد میں ناقص نکاسی آب،بارش کے بعد گندے پانی اور تعفن سے شہری مشکلات کا شکار، فوری اقدامات کا مطالبہ

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)ناقص نکاسی آب، بارش کے بعد گلیاں گندے تالاب بن گئیں، شہری پریشان۔ شہر کے گلی محلوں جناح کالونی، شیش محل، کٹرا مائی سمیت الہ أباد، نظام آباد کے مختلف گلی محلوں میں نکاسی آب کا ناقص نظام شہریوں کے لیے مسلسل درد سر بنا ہوا ہے۔ حالیہ بارشوں کے بعد بیشتر گلیاں اور سڑکیں کئی کئی روز تک پانی میں ڈوبی رہیں، جس کے باعث آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔ جمع ہونے والے پانی میں کوڑا کرکٹ، سیوریج کا گندا پانی اور دیگر آلائشیں تیرتی رہیں، جس سے ماحول میں تعفن پھیل گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بارش ہوتے ہی گلیاں گندے تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں۔ بچوں، بزرگوں اور خواتین کو گھروں سے نکلنے میں دشواری پیش آتی ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار بھی حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث بارش کا پانی بروقت خارج نہیں ہوتا، جس سے گندگی کئی روز تک جمع رہتی ہے اور مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو جاتا ہے، جو مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔اہل علاقہ نے متعلقہ اداروں پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار شکایات کے باوجود مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور بارشوں سے قبل موثر انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ہر بار اسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔



