وزیرآباد:رشوت کیس میں گرفتار گیپکو اہلکار جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل،11کے وی لائن کی وائر بھی فروخت کرنیکے نئے انکشافات

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارروائی میں مبینہ طور پررشوت لیتے ہوئے گرفتار کیے گئے گیپکو کے اہلکار مبشر کوابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔ ملزم کو 5 اگست کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ اس کے اہلخانہ نے ضمانت کے لیے مقامی عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم کو درخواست گزار کی نشاندہی پر مبینہ طور پر 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ نشان زدہ کرنسی نوٹ ملزم کی جیب سے برآمد ہوئے، جس کے بعد اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم گیپکو میں لائن مین کے طور پر تعینات تھا، تاہم بعض حلقوں میں اسے خود ساختہ لائن سپرنٹنڈنٹ کے طور پر بھی پیش کیا جاتا رہا۔ ایف آئی اے کی کارروائی کے بعد ملزم کے خلاف مختلف نوعیت کے مزید الزامات بھی زیر گردش ہیں، تاہم ان کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ذرائع کے مطابق ملزم پر یہ الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے کہ اس نے مبینہ طور پر کوٹ محمد حسین کے علاقے سے 11 کے وی لائن کی تقریباً چار اسپین پر مشتمل کاپر وائر غیر قانونی طور پر شفٹ کرکے فروخت کی۔ اسی طرح ڈسکہ روڈ پر ایک ٹرانسفارمر کی تنصیب کے سلسلے میں مبینہ طور پر 30 ہزار روپے وصول کرنے اور بجلی کے متعدد پولوں پر نصب کنیکٹرز میں خرد برد کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ تاہم ان تمام الزامات کی نہ تو ایف آئی اے نے باضابطہ تصدیق کی ہے اور نہ ہی گیپکو حکام نے اس حوالے سے کوئی سرکاری مؤقف جاری کیا ہے۔دوسری جانب ملزم کے اہلخانہ نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مبشر کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مقدمے میں عائد تمام الزامات عدالت میں زیر سماعت ہیں اور ملزم کے جرم یا بے گناہی کا حتمی فیصلہ عدالت کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی ہوگا۔



