پولیس کا عجیب و غریب انصاف: 15 پر مدد مانگنے والا مدعی ہی گرفتار، ملزمان فرار

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو / جانو ڈاٹ پی کے) تھانہ صدر بورے والا کی حدود چک نمبر 453 لاٹ میں 15 پر کی جانے والی ایمرجنسی کال پولیس کے متنازع رویے کی نذر ہو گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مدد طلب کرنے والے مدعی کو ہی حراست میں لے لیا جبکہ حملہ آور باآسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 453 لاٹ میں دو گروہوں کے درمیان شدید لڑائی جھگڑا ہوا، جس پر متاثرہ شہری شاہد نے مدد کے لیے فوری طور پر 15 پولیس ہیلپ لائن پر کال کی۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس کی ٹیم موقع پر تو پہنچ گئی، لیکن حیران کن طور پر مظلوم کی مدد کرنے کے بجائے 15 کے کالر شاہد کو ہی گرفتار کر کے گاڑی میں بٹھا لیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی اس پراسرار اور نامعقول کارروائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تشدد میں ملوث اصل ملزمان کو پورا ریلیف ملا اور وہ پولیس کی موجودگی میں ہی باآسانی موقع سے نکل گئے۔
اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہریوں اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر 15 پر کال کرنے والے مدعی کو ہی گرفتار کر لیا جائے گا تو عوام کو انصاف کیسے ملے گا؟ یہ کیسی قانون سازی اور پولیسنگ ہے جہاں مظلوم ہی مجرم بنا دیا جاتا ہے؟
اهلِ علاقہ نے ڈی پی او ویاڑی اور دیگر اعلیٰ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے، نا انصافی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی و ڈسپلنری کارروائی کرنے اور متاثرہ شہری کو انصاف فراہم کرنے کا زوردار مطالبہ کیا ہے۔



