دو گھنٹے کی بارش نے وزیرآباد میں نظامِ زندگی مفلوج کردیا،بازاروں اور دکانوں میں پانی داخل، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)موسلا دھار بارش نے وزیرآباد کو جل تھل کر دیا، گلیاں، بازار اور سڑکیں زیر آب، شہر اور گردونواح میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا، دوپہر تقریباً 12 بجے شروع ہونے والی بارش مسلسل دو گھنٹے تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں شہر کی بیشتر سڑکیں، گلیاں، بازار اور نشیبی علاقے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے،نکاسی آب کا نظام بارش کا پانی بروقت خارج کرنے میں ناکام رہا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شدید بارش کے باعث متعدد بازاروں میں دوکانوں کے اندر پانی داخل ہوگیا جس سے تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا، کئی مقامات پر پانی اس قدر جمع ہوگیا کہ پیدل چلنا بھی دشوار ہوگیا جبکہ رکشے، موٹر سائیکلیں اور دیگر چھوٹی گاڑیاں پانی میں بند ہوتی رہیں۔ شہری اپنی گاڑیاں دھکے لگا کر محفوظ مقامات تک پہنچانے پر مجبور دکھائی دیے۔بارش کے دوران لاہوری دروازہ بازار، پرانی سول کورٹ،میں بازار بھی پہلی مرتبہ مکمل طور پر پانی کی لپیٹ میں آگیا جسے شہریوں نے انتظامی اداروں کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ہر بارش کے ساتھ شہر کی صورتحال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے، جبکہ نکاسی آب کے دعوے صرف کاغذوں تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ برساتی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور سیوریج نظام کی مستقل بنیادوں پر بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ بارشوں میں شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم شہریوں کے لیے آمدورفت اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر رہیں۔

مزید خبریں

Back to top button