اوکاڑہ میں ’اپنا کھیت اپنا روزگار‘ پروگرام: 102 کسانوں میں 10 سالہ لیز کے الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس تقسیم

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے)سرسبز پنجاب اور کسان کی خوشحالی کے وژن کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی پروگرام ’اپنا کھیت اپنا روزگار‘ کے حوالے سے ضلع اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پہلے مرحلے کے کامیاب امیدواروں میں الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے 102 خوش نصیب افراد کو الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس دیے۔ الاٹمنٹ کے تحت تحصیل اوکاڑہ کے 29، دیپالپور کے 63 اور تحصیل رینالہ خورد کے 10 افراد کو اراضی کی دستاویزات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شعجین وسطرو، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، دیگر انتظامی افسران اور ضلع بھر سے آئے ہوئے کاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈی سی محمد اکرام ملک نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تمام کامیاب امیدواروں کو 5 ایکڑ اراضی 10 سال کی لیز پر مکمل شفاف انداز میں دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے کاشتکاری کو آسان بنانے کے لیے 50 ہزار روپے فی ایکڑ گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا، کسان خوشحال ہوں گے اور صوبے کی زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
ایم پی اے میاں محمد منیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا یہ قدم زرعی شعبے اور عام کسان کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اراضی کی الاٹمنٹ مکمل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ کی گئی ہے جس سے بے روزگار افراد کو باوقار روزگار میسر آئے گا۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب امیدواروں نے اس انقلابی اقدام پر حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔



