آکٹوپس نے تیراک کو اپنی گرفت میں لے لیا،حیران کن ویڈیو وائرل

ٹوکیو (ویب ڈیسک) سمندر کے کم گہرے پانی میں ایک بڑے آکٹوپس کے ایک شخص کی پشت سے لپٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے صارفین میں حیرت، خوف اور تشویش پیدا کر دی ہے۔

وائرل ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ جاپان میں پیش آیا، تاہم واقعے کے مقام اور متاثرہ شخص کی شناخت سے متعلق کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔

ویڈیو میں ایک شخص سمندر کے کم گہرے حصے میں موجود دکھائی دیتا ہے، جہاں ایک بڑا آکٹوپس اس کی پشت سے مضبوطی سے چمٹا ہوا ہے۔ شخص مسلسل کوشش کرتا نظر آتا ہے کہ وہ آکٹوپس کے بازوؤں اور طاقتور سکشن کپ کو خود سے الگ کر سکے، تاہم جاندار کی مضبوط گرفت کے باعث اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ماہرین کے مطابق آکٹوپس کے بازوؤں پر موجود سیکڑوں سکشن کپ انتہائی مضبوط گرفت پیدا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ہٹانا آسان نہیں ہوتا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ موقع پر موجود افراد متاثرہ شخص کی مدد کرنے کے بجائے صرف ویڈیو کیوں بناتے رہے۔ بعض صارفین نے اسے موجودہ دور کے ’’کنٹنٹ فرسٹ‘‘ کلچر سے جوڑا، جہاں بعض اوقات لوگ مدد کرنے کے بجائے واقعہ ریکارڈ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

ایک معروف کانٹینٹ کریئیٹر کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے اور خوف کا اظہار کرنے کے بعد یہ مزید تیزی سے پھیل گئی، جس پر ہزاروں صارفین نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔

کچھ صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ جاپان کے شہر کوچی میں پیش آیا، تاہم اس دعوے کی بھی آزادانہ یا سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ آکٹوپس کی گرفت میں آنے والا شخص زخمی ہوا یا اسے کسی طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔

ماہرین کے مطابق آکٹوپس عام حالات میں انسانوں کو نشانہ نہیں بناتے، تاہم اگر انہیں خطرہ محسوس ہو، اچانک سامنا ہو جائے یا وہ خود کو پھنسا ہوا محسوس کریں تو وہ دفاعی ردعمل کے طور پر اپنے بازوؤں سے مضبوطی سے لپٹ سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں گھبراہٹ کے بجائے پرسکون رہنا اور احتیاط سے جاندار کو الگ کرنے کی کوشش کرنا زیادہ محفوظ طریقہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button