بھارت: کسان نے 5 فٹ زندہ مگرمچھ کندھے پر اٹھا کر تھانے پہنچا دیا، ویڈیو وائرل

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست بہار کے ضلع سپول میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک کسان نے پانچ فٹ لمبے زندہ مگرمچھ کو کندھے پر اٹھا کر پولیس اسٹیشن پہنچا دیا۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب دیہاتی کھیتوں میں کام کر رہے تھے کہ اچانک دھان کی فصل میں چھپے ایک مگرمچھ پر نظر پڑی۔ مگرمچھ کو دیکھ کر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔
دیہاتیوں نے مگرمچھ کو نقصان پہنچانے کے بجائے اسے محفوظ طریقے سے پکڑنے کا فیصلہ کیا۔ کسان امیت کمار نے لوگوں کی مدد سے مگرمچھ کے منہ کو رسی سے باندھ دیا تاکہ وہ کسی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔
رپورٹس کے مطابق جب موقع پر محکمہ جنگلات کا عملہ نہ پہنچ سکا تو امیت کمار نے وقت ضائع کیے بغیر تقریباً 5 فٹ لمبے مگرمچھ کو کندھے پر اٹھایا اور پیدل محکمہ جنگلات کے دفتر کی طرف روانہ ہوگئے۔ وہاں بھی اہلکار موجود نہ ملنے پر وہ مگرمچھ کو کندھے پر اٹھائے پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔
धान के खेत में निकला मगरमच्छ… और देखिए इस युवक का खौफनाक अंदाज़!
मगरमच्छ को बांधकर बेखौफ कंधे पर लादा और सीधे थाने पहुंच गया। बिहार के सुपौल का यह वीडियो सोशल मीडिया पर तेजी से वायरल। 😳🐊#Bihar #Supaul #Crocodile #ViralVideo pic.twitter.com/cFJMQqnELU— Ramesh Bhatt (@Rameshbhimtal) August 1, 2026
راستے میں شہری اس غیر معمولی منظر کو دیکھ کر حیران رہ گئے، کئی افراد نے اپنی گاڑیاں روک کر ویڈیوز بنائیں جو بعد میں سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئیں۔
پولیس کی اطلاع پر محکمہ جنگلات کی ٹیم تھانے پہنچی اور مگرمچھ کو اپنی تحویل میں لے کر بعد ازاں کوسی ندی میں بحفاظت چھوڑ دیا۔
محکمہ جنگلات کے افسر روی رنجن نے کہا کہ مون سون کے دوران پانی کا بہاؤ بڑھنے سے جنگلی جانور اکثر آبادیوں اور کھیتوں کا رخ کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کی جانب سے مگرمچھ کو نقصان نہ پہنچانے کے عمل کو سراہا، تاہم شہریوں کو ہدایت کی کہ خطرناک جنگلی جانوروں کو خود پکڑنے کی کوشش نہ کریں بلکہ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔



