دبئی میں پی آئی اے کی پرواز میں ہنگامہ، کاک پٹ میں گھسنے کی کوشش، مسافر گرفتار

دبئی/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) دبئی سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پرواز PK-212 آپریشنل تاخیر اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگئی، جس کے بعد متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دبئی ایئرپورٹ حکام نے تمام پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ مقرر کر دیا تھا، جس کے باعث پرواز PK-212 تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔
تاخیر کے دوران مسافروں کو جہاز کے اندر کھانا فراہم کیا گیا، تاہم بعد ازاں چند مشتعل مسافروں نے بد نظمی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی، جسے عملے نے بروقت ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران ایک مسافر نے طیش میں آ کر جہاز کی ایک کھڑکی بھی توڑ دی، جس پر دبئی ایئرپورٹ سیکیورٹی کو طلب کیا گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جہاز کا دروازہ کھلوا کر ہنگامہ کرنے والے متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا۔
واقعے کے بعد پرواز کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا، جبکہ دیگر مسافروں اور فضائی عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پرواز PK-212 اب آج رات 11:15 بجے دبئی سے اسلام آباد کے لیے روانہ کی جائے گی۔



