کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیری عوام کو کرنے کا حق حاصل ہے، اور وہ کشمیریوں کو وہی آئینی و جمہوری حقوق دلوانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے ہر شہری کو میسر ہیں۔
آزاد کشمیر کے عوام کے حقِ حاکمیت کے حوالے سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب سے بنیادی حق حقِ حاکمیت ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ عوام جس امیدوار کو ووٹ دیں، اقتدار بھی اسی کے پاس جائے اور انتخابی نتائج عوامی فیصلے کی حقیقی عکاسی کریں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو صرف ووٹ دینے کا حق ہی نہیں بلکہ اپنے وسائل اور مستقبل کے فیصلوں میں بھی مؤثر نمائندگی ملنی چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے جن اداروں میں کشمیر کے پانی، بجلی، ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ سے متعلق فیصلے کیے جاتے ہیں، وہاں آزاد کشمیر کی اپنی مستقل نمائندگی، کرسی اور آواز ہونی چاہیے تاکہ کشمیری عوام کے مفادات کا مؤثر انداز میں تحفظ کیا جا سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام کے اختتام پر عوام سے اپیل کی کہ 2 اگست کو حقِ حاکمیت، جمہوری اختیار اور عوامی فیصلے کے احترام کے لیے تیر کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں، کیونکہ "کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام ہی کریں گے۔”



