ایران کے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملے، متعدد تنصیبات نشانہ بنانے کا دعویٰ

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں متعدد فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی فوج کے مطابق کویت کی احمد الجابر ایئر بیس میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے، جن میں جنگی طیاروں کے ہینگرز، مواصلاتی نظام اور فوجی سازوسامان کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کارروائی قشم جزیرے میں ایک رہائشی عمارت پر مبینہ امریکی حملے کے جواب میں کی گئی۔ بیان کے مطابق کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس پر بھی حملہ کیا گیا، جہاں دو ڈرون ہینگرز اور ایندھن کا ایک گودام تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔

ایرانی حکام کا مزید کہنا ہے کہ بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر بھی امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں پاور جنریٹرز، نیوی گیشن سسٹمز اور انتظامی عمارتیں شامل ہیں۔

تاہم ایران کے ان دعوؤں پر امریکا، کویت یا بحرین کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل یا تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

خطے میں جاری کشیدگی کے باعث اس پیش رفت کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، اور ماہرین کے مطابق اگر ان دعوؤں کی تصدیق ہوتی ہے تو مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button