ہمارے پاس جامع منصوبہ تیار ہے، جارحیت کر کے بھاگنے کا دور ختم ہو چکا، ایرانی کمانڈر کا امریکہ اسرائیل کو انتباہ

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے اعلیٰ ترین کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا اور اسرائیل کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارحیت کرکے محفوظ نکل جانے کا زمانہ گزر چکا ہے اور کسی بھی غلط قدم کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل اگر کسی غلط اندازے کی بنیاد پر ایران کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج اور ان کے اتحادی اب بخوبی جان چکے ہیں کہ خطے میں کسی بھی مہم جوئی کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج مکمل صلاحیت، مضبوط عزم اور جامع دفاعی منصوبہ بندی کے ساتھ ہر ممکن جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ نئے حملوں کی منظوری دے دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں اور ممکنہ کارروائی ہفتے کے اختتام پر کی جا سکتی ہے۔

اگرچہ ان اطلاعات کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی، تاہم ایران کی جانب سے آنے والے حالیہ سخت بیانات نے خطے میں کشیدگی اور ممکنہ تصادم کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button