غزہ بورڈ آف پیس نے جنگ بندی پر عمل درآمد کیلئے روڈ میپ جاری کردیا

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)غزہ میں قیامِ امن کے لیے تشکیل کردہ بورڈ آف پیس نے جنگ بندی پر عمل درآمد کے لیے روڈ میپ جاری کردیا، 14 روز میں روڈ میپ پر عمل درآمد کے لیے ٹائم فریم ورک تیار کیا جائے گا، روڈ میپ کی تکمیل مرحلہ وار ہوگی، فریم ورک کی تیاری کے بعد قومی کمیشن غزہ پٹی کے انتظامی امور سنبھالے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق بورڈ آف پیس کے تمام فریقوں نے غزہ پٹی میں قیام امن کےلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبہ کی حمایت کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق تمام فریقوں نے غزہ پٹی سے اسرائیلی فورسز کے انخلا اور معمولات زندگی بحال کرنے پر اتفاق کیا اور غزہ پٹی میں فلسطینی ریاست کی اجارہ داری قائم کرنے، تعمیر نو، امن کا قیام اور ترقیاتی کاموں کے آغاز پر زور دیا۔
بورڈ آف پیس کا کہنا ہے کہ اسرائیل شرم الشیخ پروٹوکول کے تحت بلا تاخیر غزہ پٹی کے حوالے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، شرم الشیخ پروٹوکول کے تحت حماس اور دیگر فلسطینی گروپس عسکری کارروائیاں ختم کرنے کی پابندی کریں۔
تمام فریقوں کے اتفاق رائے سے 14 روز میں روڈ میپ پر عملدرآمد کیلئے ٹائم فریم ورک تیار کیا جائے گا، فریم ورک کی تیاری کے بعد قومی کمیشن غزہ پٹی کی انتظامی امور سنبھالے گی، حماس اور دیگر گروپس شہری اور سیکیورٹی انتظامی امور قومی کمیشن کے حوالے کرنے پر رضا مندی ظاہر کرے گی، روڈ میپ کی تکمیل مرحلہ وار ہوگی۔
بورڈ آف پیس کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن غزہ پٹی میں خلاف ورزیوں کی نگرانی کریں گے، قومی کمیشن غزہ پٹی کے انتظامی ڈھانچہ مکمل آزادی اور انتہائی ذمہ داری سے چلانے کی پابند ہوگا، قومی کمیشن تمام سرکاری اور سروسز اداروں کی روانی سے کام کرنے اور ملازمین کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار کرنے کا پابند ہوگا۔
قومی کمیشن اور بین الاقوامی فورسز داخل ہونے کے بعد بھاری ہتھیاروں کو تحویل میں لے لیا جائے گا، قومی کمیشن ہتھیاروں کو تحویل میں لینے کیلئے 14 روز میں ٹائم فریم ورک تیار کریں گے، تمام فلسطینی گروپس اس کارروائی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے، کوئی ہتھیار اسرائیل یا غیر فلسطینی گروپوں کو منتقل نہیں کیا جائے گا، ہتھیاروں کو جمع کرنے کی مکمل ذمہ داری قومی کمیشن کی ہوگی۔
بورڈ آف پیس کا کہنا ہے کہ روڈ میپ پر عملدرآمد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے راہ ہموار کرے گا، غزہ میں ہتھیاروں کو تحویل میں لینے کا عمل مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی فورسز کی مرحلہ وار انخلاء سے مشروط ہوگا۔
غزہ بورڈ آف پیس کے روڈ میپ جاری کرنے پر حماس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غزہ امن معاہدے کے مذاکراتی عمل کے دوسرے دور اور ثالثی فریقوں کے تجاویز کے ساتھ مثبت اور ذمہ داری سے پیش آئے۔
حماس کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد اسرائیل کی پابندی سے مشروط ہوگا، بھاری ہتھیاروں کو تحویل میں دینا اسرائیلی فورسز کے حملے رکنے، انخلا پر منحصر ہے۔



