58سال کی عمر میں صائمہ نور نے سب کو حیران کر دیا،نئی فٹنس ٹرانسفارمیشن دیکھ کرمداح دنگ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صائمہ نور اپنی حیران کن فٹنس ٹرانسفارمیشن کے باعث ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چھا گئی ہیں۔ 58 سالہ اداکارہ کی نئی ویڈیوز اور تصاویر نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا، جہاں ان کی فٹنس، توانائی اور نوجوانوں جیسی پھرتی موضوعِ بحث بن گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں صائمہ نور کو جم میں اسکواٹس، کیٹل بیل سوئنگز اور دیگر نسبتاً مشکل ورزشیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی غیرمعمولی اسٹیمنا اور ایکٹیو لائف اسٹائل دیکھ کر صارفین کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی کئی نوجوان اداکاراؤں کو سخت مقابلہ دے سکتی ہیں۔
اداکارہ کی ایک بیوٹی سیلون آمد کی ویڈیوز بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں ان کے وزن میں نمایاں کمی اور بدلتا ہوا انداز واضح نظر آ رہا ہے۔ ان ویڈیوز کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی فٹنس ٹرانسفارمیشن پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
صارفین کی بڑی تعداد نے صائمہ نور کو "ایور گرین اسٹار” قرار دیتے ہوئے ان کے نظم و ضبط، صحت مند طرزِ زندگی اور خود پر توجہ دینے کی عادت کو سراہا۔ بعض صارفین نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ان کی ویڈیوز اتنی غیرمعمولی لگ رہی ہیں جیسے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی ہوں۔
اس دوران صائمہ نور کے پرانے انٹرویوز بھی دوبارہ وائرل ہوگئے، جن میں انہوں نے اپنی فٹنس کے راز سے پردہ اٹھایا تھا۔ اداکارہ کے مطابق جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کا وزن بڑھ رہا ہے تو انہوں نے اپنی روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا۔
صائمہ نور نے بتایا کہ وہ کسی سخت یا پیچیدہ ڈائٹ پلان پر انحصار نہیں کرتیں بلکہ متوازن غذا محدود مقدار میں کھاتی ہیں۔ ان کے مطابق انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ، باقاعدہ ورزش، ذہنی سکون اور نظم و ضبط ہی ان کی فٹنس، توانائی اور جوان نظر آنے والی شخصیت کا اصل راز ہیں۔
صائمہ نور کی تازہ ویڈیوز کے بعد ایک بار پھر یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ عمر صرف ایک عدد ہے، جبکہ صحت مند طرزِ زندگی انسان کو ہر عمر میں متحرک اور پُرکشش رکھ سکتا ہے۔



