میری وفاداری کسی عہدے سے نہیں، پاکستان سے ہے، عماد بٹ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عماد بٹ نے قومی ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد اپنے پہلے ردعمل میں کہا ہے کہ "میری وفاداری کسی عہدے سے نہیں، پاکستان سے ہے۔”
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں عماد بٹ نے کہا کہ آج انہیں قومی ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا، تاہم اس فیصلے کے باوجود پاکستان کے لیے ان کی محبت، عزم اور جذبے میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی ایک ذمہ داری اور اعزاز ضرور تھی، لیکن پاکستان کے لیے کھیلنا اس سے بھی بڑا فخر ہے۔ انہوں نے ہمیشہ قومی ٹیم کے لیے جذبے، محنت اور فخر کے ساتھ میدان میں اترنے کی کوشش کی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان نے آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ اس کامیابی میں ان کا بھی کردار رہا۔
عماد بٹ نے مزید کہا کہ کپتانی تبدیل ہو سکتی ہے، لیکن کھیل اور ملک کے لیے ان کا جذبہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پہلے کی طرح بھرپور لگن اور جذبے کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی نے انہیں عزت، شناخت اور پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز دیا، جس پر وہ ہمیشہ فخر محسوس کریں گے۔



