تربت میں اغوا کیے گئے 6 مزدوروں کی لاشیں برآمد، گوادر میں 12 مغوی بازیاب

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع تربت سے دو روز قبل اغوا کیے گئے 6 مزدوروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ الگ کارروائی میں گوادر سے روزگار کے جھانسے میں یرغمال بنائے گئے 12 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا۔

پولیس کے مطابق تربت کے علاقے ناصر آباد سے 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچی اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں اور واقعے کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ شناخت کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔

بلوچستان حکومت کے معاون خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے تصدیق کی کہ برآمد ہونے والی لاشیں دو روز قبل اغوا کیے گئے چھ مزدوروں کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہید ہونے والے مزدوروں میں چار کا تعلق پنجاب جبکہ دو کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔ ان کے مطابق دہشت گردوں نے دو روز قبل کلاتک کے علاقے سے سات مزدوروں کو اغوا کیا تھا، جن میں سے ایک مزدور کو اغوا کے فوراً بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جبکہ باقی چھ افراد کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

دوسری جانب ساحلی شہر گوادر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے روزگار کا جھانسہ دے کر پنجاب سے بلائے گئے 12 افراد کو بازیاب کرا لیا۔

پولیس کے اعلامیے کے مطابق کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 5 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔ گرفتار افراد میں بہیر الدین اور نادر شاہ کا تعلق آواران جبکہ عبدالماجد کا تعلق پنجگور سے بتایا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button