نورین نیازی کو بڑا ریلیف، لاہور ہائیکورٹ نے ایک ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی


لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کے درج مقدمے میں بڑا ریلیف دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے نورین نیازی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے اور خدشہ ہے کہ متعلقہ عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرنے سے قبل انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
وکیل نے استدعا کی کہ متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے نورین نیازی کو ایک ہفتے کیلئے حفاظتی ضمانت فراہم کر دی اور ہدایت کی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔