پاکستان نے چین کا 1.4 ارب ڈالر قرض واپس کر دیا، گورنر سٹیٹ بنک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین کا 1.4 ارب ڈالر کا کمرشل قرض واپس کر دیا ہے، جبکہ اس قرض کی چند ہفتوں میں دوبارہ ری فنانسنگ متوقع ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمیل احمد نے بتایا کہ جولائی 2026 کے دوران پاکستان نے 2.2 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے ادا کیے، جن میں 1.4 ارب ڈالر چین کے کمرشل قرض کی واپسی اور 80 کروڑ ڈالر دیگر بیرونی قرضوں کی ادائیگی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا مجموعی حجم 26.5 ارب ڈالر سے کم ہو کر 21.5 ارب ڈالر رہ گیا ہے، جبکہ رواں مالی سال کے دوران 3.5 ارب ڈالر صرف سود کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا دباؤ کم کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو سعودی عرب اور چین کے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے قرضوں کے رول اوور کی ضرورت ہوگی۔

جمیل احمد نے مزید کہا کہ اگرچہ چینی بینکوں نے ابھی تک 1.4 ارب ڈالر کے قرض کی ری فنانسنگ مکمل نہیں کی، تاہم توقع ہے کہ یہ رقم چند ہفتوں کی تاخیر کے بعد دوبارہ پاکستان کو فراہم کر دی جائے گی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران اسٹیٹ بینک نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لیے 28 ارب ڈالر خریدے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button