ہنگو حملہ: شہید اہلکاروں نے جانیں قربان کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، محسن نقوی


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حملہ آوروں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 8 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے، اور اس کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔