آزاد کشمیر کے عوام نے کارکردگی پر مہر ثبت کی، نتائج کو تسلیم کیا جائے، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج عوام کا واضح فیصلہ ہیں اور لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنا دیا، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی نتائج کھلے دل سے قبول کرتے ہوئے جمہوری عمل کا احترام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کا رویہ غیر جمہوری دکھائی دے رہا ہے، جبکہ پیپلزپارٹی کے بعض رہنماؤں کے بیانات افسوسناک ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کے دوران شائستگی اور مثبت سیاست کو فروغ دیا، جبکہ میرپور ڈویژن کے عوام نے پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیا۔
وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں گزشتہ 18 ماہ کے دوران پنجاب میں متعدد نمایاں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، جن میں ستھرا پنجاب پروگرام، بارشوں کے دوران بروقت نکاسیٔ آب اور دیگر عوامی فلاحی اقدامات شامل ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ، خصوصاً کراچی میں ٹرانسپورٹ، صفائی، صحت، تعلیم اور امن و امان سمیت مختلف شعبوں میں عوام کو مسائل کا سامنا ہے، جبکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے نتائج نمایاں طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں۔ ان کے مطابق جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں جاری منصوبے حکومت کی کارکردگی کا عملی ثبوت ہیں۔



