خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 32 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 32 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری آپریشنز کے سلسلے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں متعدد انٹیلیجنس بیسڈ کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے، جن میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مختلف ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلیجنس اطلاعات پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (IEDs) بھی برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر دہشتگرد عناصر کا بھی مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔



