اپر سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا بڑا آپریشن، متعدد دہشت گرد ہلاک، ایلیٹ فورس کا جوان شہید


اپر سوات (جانوڈاٹ پی کے) اپر سوات کے علاقے شلخو سر میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شلخو سر میں سوات پولیس، اپر سوات پولیس اور سی ٹی ڈی دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کر رہے ہیں۔ آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایلیٹ فورس کے جوان گلفام شہید ہوگئے، جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کا گھیراؤ کر لیا ہے اور آپریشن تاحال جاری ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شلخو سر آپریشن میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، جبکہ آپریشن کی نگرانی آر پی او ملاکنڈ، ڈی پی او سوات اور دیگر سینئر پولیس افسران کر رہے ہیں۔
سوات پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ علاقے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، اور آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔