وفاقی بورڈ کے نہم و دہم کے نتائج جاری، لڑکیوں نے میدان مار لیا، ٹاپ 10 میں 7 پوزیشنز طالبات کے نام

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی تعلیمی بورڈ نے نہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جہاں ٹاپ 10 میں سے 7 پوزیشنز طالبات نے اپنے نام کیں، جبکہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کا کوئی بھی طالبعلم پوزیشن حاصل نہ کر سکا۔
نتائج کے اعلان کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چیئرمین فیڈرل بورڈ نے امتحانی نتائج اور انتظامات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ کے مطابق رواں سال 2 لاکھ 92 ہزار 831 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے، نقل کے 86 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ امتحانات کے لیے 1,006 امتحانی مراکز قائم کیے گئے۔ امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے 2,012 سپروائزری اسٹاف اور 6,996 انویجیلیٹرز تعینات کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ جوابی کاپیوں کی جانچ کے لیے 4,855 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ 10,706 اساتذہ نے بطور ممتحن درخواستیں جمع کرائی تھیں۔
سائنس گروپ میں افیرا اعجاز نے 1,089 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، آمنہ نعمان 1,088 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ حذیفہ حیدر 1,086 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا سفر علم اور محنت سے شروع ہوتا ہے، آج کی دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو خود کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بدلتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے برسوں میں دنیا مزید تیزی سے تبدیل ہوگی، اس لیے نوجوان نسل کو علم، تحقیق اور جدید مہارتوں سے آراستہ ہو کر مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔



