نئی جامعات کے قیام کے لیے سخت شرائط، ایچ ای سی کا نیا فریم ورک تیار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں سرکاری جامعات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے نئی جامعات کے قیام کے لیے جامع فریم ورک تیار کر لیا ہے، جس کے تحت مقررہ شرائط پوری کیے بغیر کسی نئی یونیورسٹی یا کیمپس کے قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق نیا فریم ورک وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر قائم کی گئی کمیٹی نے تیار کیا ہے، جس کے بعد ایچ ای سی نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور دیگر صوبوں کو اس حوالے سے مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔

فریم ورک کے مطابق کسی بھی نئی یونیورسٹی کے قیام سے قبل متعلقہ ادارے کو جامعہ کی ضرورت، قیام کی وجوہات، وژن اور مشن واضح طور پر پیش کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ایچ ای سی کی پیشگی منظوری کے بغیر کسی بھی یونیورسٹی کا نیا کیمپس قائم نہیں کیا جا سکے گا۔

دستاویز کے مطابق نئی جامعہ کے لیے کم از کم 40 کنال اراضی کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ یونیورسٹی کے مجموعی بجٹ کا کم از کم 5 فیصد حصہ تحقیق و ترقی (ریسرچ) کے لیے مختص کرنا ہوگا۔

مزید برآں، جامعات کو اپنی آمدن کا کم از کم 10 فیصد طلبہ کی اسکالرشپس کے لیے مختص کرنا لازمی ہوگا، جبکہ طلبہ کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کے لیے الگ فنڈ قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق اس نئے فریم ورک کا مقصد نئی جامعات کو مالی اور انتظامی مشکلات سے محفوظ رکھتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور نئے تعلیمی اداروں کے قیام کو مؤثر منصوبہ بندی کے تحت یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button