پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کی تاریخی تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 6 ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کی سب سے بڑی تیزی ریکارڈ کی گئی، جہاں کاروباری ہفتے کے پہلے روز سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث مارکیٹ میں زبردست خریداری دیکھنے میں آئی۔
کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس 4 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 75 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران تیزی میں مزید اضافہ ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 6 ہزار 100 سے زائد پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 77 ہزار 200 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ اس نمایاں اضافے کے ساتھ انڈیکس نے یکے بعد دیگرے 1 لاکھ 71 ہزار سے 1 لاکھ 77 ہزار تک کی سات نفسیاتی حدیں عبور کر لیں۔
مارکیٹ میں تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 3.50 فیصد جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 3.82 فیصد اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتا رہا، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں واضح بہتری دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان غالب رہا تھا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1,800 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 1 لاکھ 69 ہزار 885 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ تاہم نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر مارکیٹ نے بھرپور انداز میں واپسی کرتے ہوئے نئے مالی سال کی سب سے بڑی یومیہ تیزی ریکارڈ کی۔



