5 اگست کو عوام گھروں سے نکلیں، ایک کروڑ لوگ باہر آ جائیں تو نظام بدل سکتا ہے، سلمان اکرم راجا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ 5 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید کو تین سال مکمل ہو جائیں گے، اس موقع پر عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھروں سے نکلیں اور پرامن انداز میں اپنی آواز بلند کریں۔

لاہور میں پی ٹی آئی لاہور کے صدر میاں اکرم عثمان، اصغر گجر، حافظ ذیشان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جب وہ معاشرے میں ظلم دیکھتے ہیں تو 5 اگست کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام نے براہِ راست غریب عوام کی صحت اور تعلیم کو متاثر کیا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پاکستان کا تعلیمی نظام دنیا کے بدترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ حکومت کی مبینہ ملی بھگت سے 40 سے 45 لاکھ ٹن گندم غائب کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ پیٹرول کی قلت بین الاقوامی قیمتوں کے بجائے ناقص حکومتی انتظام کا نتیجہ ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں سخت حالات میں رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش بھی کی گئی، تاہم انہوں نے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کو ترجیح دی۔

پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ 5 اگست کو پارٹی کارکن اور عوام میدان میں نکلیں گے، اور اگر جیل جانا پڑا تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے بیانیے کے محافظ ہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 5 اگست کو اپنے گھروں سے نکل کر آزادی کے حق میں آواز بلند کریں۔ سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ اگر ایک کروڑ لوگ باہر نکل آئیں تو نظام بدل سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے مطابق احتجاج پرامن ہوگا اور عوام آئینی و جمہوری انداز میں اپنا مؤقف پیش کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button