حکومت کا باغبانی کی برآمدات بڑھانے کا فیصلہ، فروٹ بیگنگ منصوبہ مزید پھلوں تک توسیع پائے گا، جام کمال خان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت باغبانی کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن، سپلائی چین کی بہتری اور زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

وزارتِ تجارت میں پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی (پی ایچ ڈی ای سی) کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے فروٹ بیگنگ منصوبے کو کھجور، انگور، آڑو اور امرود تک توسیع دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے فروٹ بیگنگ میٹریل کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے نجی شعبے اور کاغذی صنعت کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ درآمدی انحصار کم ہو اور مقامی صنعت کو فروغ ملے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فروٹ بیگنگ منصوبے سے پاکستانی پھلوں کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں ان کی مسابقت بھی بڑھی ہے۔

جام کمال خان نے بلوچستان اور شمالی پاکستان میں فریز ڈرائنگ منصوبوں کو وسعت دینے، جبکہ مرچ کے کاشتکاروں کے لیے سولر ٹنل ڈرائرز کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فریز ڈرائنگ اور اسپرے ڈرائنگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن، شیلف لائف اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے پی ایچ ڈی ای سی کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی ہارٹیکلچر ایکسپوز اور فوڈ نمائشوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائے، جبکہ ایگزم بینک کو چھوٹے زرعی پروسیسنگ یونٹس کی مالی معاونت میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button