ذیابیطس اور پارکنسن سمیت 52 نئی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کی منظوری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا اور پارکنسن سمیت مختلف امراض کے علاج کے لیے 52 نئی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کی منظوری دے دی، جس سے ان ادویات کی پاکستان میں قانونی دستیابی کی راہ ہموار ہو گئی۔

وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال، سیکریٹری صحت اور ڈریپ (DRAP) کے حکام بھی شریک ہوئے۔

منظور شدہ ادویات میں کینسر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی جدید امیونو تھراپی دوا کی ٹروڈا (Keytruda)، نیوو لومیب (Nivolumab)، ڈاسا تینیب (Dasatinib)، مروپینم (Meropenem) اور انسولین سمیت دیگر اہم ادویات شامل ہیں۔ کی ٹروڈا دنیا بھر میں 20 سے زائد اقسام کے کینسر کے علاج میں استعمال کی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق ادویات کی قیمتوں کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی، جس کے بعد ڈریپ باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ نوٹیفکیشن کے بعد یہ ادویات قانونی طور پر پاکستان میں فروخت کی جا سکیں گی۔

وزارتِ صحت نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ قیمتوں کی منظوری میں تاخیر کے باعث مریض غیر رجسٹرڈ، اسمگل شدہ یا مہنگی درآمدی ادویات خریدنے پر مجبور تھے، اس لیے فوری منظوری ناگزیر تھی۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے معیاری ادویات کی دستیابی میں بہتری آئے گی اور غیر قانونی سپلائی پر انحصار بھی کم ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button